حنیف علی رِتُل کی دوستی موت کے بعد بھی زندہ رہی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-03-2025
حنیف علی رِتُل کی دوستی موت کے بعد بھی زندہ رہی
حنیف علی رِتُل کی دوستی موت کے بعد بھی زندہ رہی

 

کراوی شرما/ گوہاٹی

یہ کہانی دوستی کی وہ مثال ہے جو موت کے بعد بھی زندہ رہتی ہے۔ آسام کے ایک مسلمان نے انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے ہندو دوست کے اہل خانہ کی مدد کے لیے اپنی مالی اور ذاتی حدود سے آگے بڑھ کر قدم اٹھایا۔

آسام کے وسطی ضلع ناگاؤں کے رہائشی رِتُل بورا روزگار کے لیے کیرالہ پہنچے تھے، لیکن بدقسمتی سے وہ بیمار ہو گئے اور نوکری شروع کرنے سے چند دن پہلے ہی ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ جب رِتُل کی والدہ اور رشتہ دار کیرالہ پہنچے تاکہ ان کی لاش کو گھر لے جا سکیں، تو اسپتال نے انہیں 1.97 لاکھ روپے کا بل تھما دیا۔

awaz

اسپتال نے صاف کہہ دیا کہ جب تک بل ادا نہیں کیا جاتا، لاش حوالے نہیں کی جائے گی۔ جب رِتُل کے اہل خانہ اسپتال کے بل کی ادائیگی کے لیے پیسوں کا بندوبست کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تو حنیف علی ان کے لیے ایک مسیحا بن کر سامنے آئے۔

حنیف علی، جو پچھلے 12 سال سے کیرالہ میں مزدوری کر رہے ہیں، نے اپنے دوست کی لاش چھڑانے کے لیے 1.46 لاکھ روپے کا قرض لیا۔ حنیف نے کہا، میں رِتُل کو بچپن سے جانتا ہوں۔ ہم تقریباً ایک ساتھ ہی بڑے ہوئے۔ میں پچھلے 10 سال سے یہاں کیرالہ میں کام کر رہا ہوں، لیکن 1.46 لاکھ روپے میرے لیے بہت بڑی رقم تھی، اور میرے پاس یہ رقم نہیں تھی۔

حنیف نے مزید کہا، میں رِتُل کے اہل خانہ کی تکلیف برداشت نہیں کر پایا۔ میں نے اپنی کمپنی کے مینیجر سے پیشگی تنخواہ کے طور پر قرض مانگا۔ بالآخر مینیجر نے میری درخواست قبول کر لی، اور میں نے یہ رقم رِتُل کے اہل خانہ کو دے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جب تک یہ قرضہ چکا نہیں لیتے، تب تک اپنی نوکری چھوڑنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔

حنیف نے کہا، رِتُل کا خاندان مصیبت میں تھا اور میں ان کی مدد کرنا چاہتا تھا۔ میں اپنے بچپن کے دوست کے گھر والوں کو اس قدر پریشان کیسے دیکھ سکتا تھا؟ انہیں مدد کی ضرورت تھی، اور مجھے خوشی ہے کہ میں ان کے کام آ سکا۔

awaz

یہ بات قابل ذکر ہے کہ رِتُل شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد کام کی تلاش میں کیرالہ پہنچے تھے۔ وہ 24 فروری کو کیرالہ آئے اور نوکری شروع کرنے سے پہلے ہی بیمار پڑ گئے۔ 27 فروری کو ان کی حالت مزید خراب ہوئی تو حنیف نے انہیں اسپتال میں داخل کرایا۔

ڈاکٹروں نے اپنی پوری کوشش کی، لیکن 5 مارچ کو رِتُل کا انتقال ہو گیا۔ رِتُل کے رشتہ دار رنجیت داس نے کہا، ہم ہمیشہ حنیف علی کے شکر گزار رہیں گے۔ انہی کی بدولت ہم رِتُل کی لاش اسپتال سے چھڑانے میں کامیاب ہو سکے۔ اب ہم ان کی میت کو ان کے آبائی علاقے ناگاؤں لے جا رہے ہیں۔