جھارکھنڈ :سبزی فروش کی بیٹی زینت پروین12ویں کلاس کی ٹاپر۔سوشل میڈیا سے دوری کامیابی کا راز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-05-2024
جھارکھنڈ  :سبزی فروش کی بیٹی زینت پروین12ویں کلاس کی ٹاپر۔سوشل میڈیا سے دوری کامیابی کا راز
جھارکھنڈ :سبزی فروش کی بیٹی زینت پروین12ویں کلاس کی ٹاپر۔سوشل میڈیا سے دوری کامیابی کا راز

 

رانچی:جھارکھنڈ میں بارہویں کلاس کی ٹاپر زینت پروین سوشل میڈیا اور ٹی وی سے دور رہتی ہیں۔ یہ خبر ان طلبہ کے لئے سبق آموز ہے جو گھنٹوں سوشل میڈیا پر وقت گزاری کرتے ہیں۔ ایک سبزی فروش کی بیٹی زینت پروین نے ریاست جھارکھنڈ میں 12ویں کلاس میں ٹاپ کیا ہے جس کا نتیجہ جھارکھنڈ اکیڈمک کونسل نے پیر کو اعلان کیا تھا۔ 

زینت کہتی ہیں کہ  میں ایک سرکاری اسکول میں پڑھتی ہوں۔ میں نے آرٹس اسٹریم سے 94.40فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔ میرے استاد نے مجھے بتایا کہ میں ریاست میں ٹاپر ہوں... میں یو پی ایس سی کی تیاری کرنا چاہتی ہوں۔ زینت نے دارالحکومت رانچی سے تقریباً 12 کلومیٹر دور کانکے کے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کی۔

زینت نے بتایا کہ نتیجہ کے اعلان کے دو گھنٹے کے اندر ان کے اسکول ٹیچر نے انہیں بتایا کہ وہ ریاست میں ٹاپر ہیں، انہیں یقین نہیں آیا۔ زینت اپنے اسکول کے قریب ساتکناڈو گاؤں کی رہنے والی ہیں۔ زینت نے کہا کہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینے کے لیے نہ تو سوشل میڈیا استعمال کرتی ہیں اور نہ ہی ٹیلی ویژن دیکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے کوئی چیز پریشان نہیں کرتی کیونکہ میں جانتی ہوں کہ مجھے اپنی پڑھائی پر توجہ مرکوز کرنی ہے اور امتحان میں اچھا کرنا ہے۔

نیوز ایجنسی اے این آئی نے ایکس پر زینت کے انٹرویو کی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔ زینت نے کہا کہ انہوں نے کئی بار نصاب پر نظر ثانی کی اور فرضی ٹیسٹ کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ ٹاپر بن گئی ہیں۔ زینت نے بتایا کہ اگرچہ انہیں یقین تھا کہ وہ اچھے نمبر حاصل کریں گی لیکن اسٹیٹ ٹاپر بننے کا کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ زینت نے کہا میرے والدین میری پڑھائی میں میری مدد کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔ میں سخت محنت کرنا اور انہیں خوش کرنا چاہتی ہوں۔۔ وہ آئی اے ایس آفیسر بننا چاہتی ہیں۔

ان کے والد صابر انصاری نے کہا کہ ان کی بیٹی کے نتائج نے ان کی جدوجہد کو ایک معنی بخشا ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ جتنا چاہے تعلیم حاصل کرے۔ صابر انصاری نے بتایا کہ وہ اپنے گاؤں میں ٹھیلی پر سبزیاں بیچتے ہیں تاکہ اپنا پیٹ بھر سکیں اوراپنے خاندان کو پال سکیں ۔