آواز دی وائس : نئی دہلی
یہ اعزاز میرے اور میری ٹیم کے لیے ایک تحریک ہے۔ یہ محض میری شخصی کامیابی نہیں ہے بلکہ ان سبھی بے سہارا بچوں اور ان کی نگہداشت کرنے والے فاسٹر والدین کے لیے اعزاز ہے جن کے ساتھ ہم کام کرتے ہیں۔ میں چاہتی ہونں کہ یہ کہانی زیادہ خاندانوں کو فاسٹرنگ (بے سہارا بچوں کی پرورش) کی جانب راغب کرے اور ایسے بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے کا ذریعہ بنے۔
ان عزاھم کا اظہار ثانیہ خان نے کیا جنہیں برطانیہ میں بے سہارا بچوں کو محفوظ گھر مہیا کرانے کی تحریک کے لیے ممتاز اعزاز "شی انسپائرس(She Inspires) ایوارڈ 2024" سے نوازا گیا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ ثانیہ خان کا تعلق میرٹھ کے قصبہ شاہجہانپور سے ہے ،جنہیں "رائزنگ اسٹار" زمرے میں برطانیہ کے ممتاز اعزاز "شی انسپائرس(She Inspires) ایوارڈ 2024" سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز بے سہارا بچوں کی پرورش اور بہبود کے میدان میں ان کی بے مثال خدمات اور قیادت کے لیے ثانیہ کو دیا گیا ہے۔
ثانیہ خان جو شاہجہانپور کے مہر عالم خان اور رعنا خان کی بیٹی ہیں، اب برطانیہ کی شہری ہیں اور لندن میں مقیم ہیں۔ وہ لندن اور مڈلینڈ میں واقع بے سہارا بچوں کی پرورش اور بہبود کی تنظیم “سِلور لائیننگ فاسٹرنگ ایجنسی" کی بانی ڈائریکٹر ہیں۔ 2018 میں قائم ہونے والی سِلور لائیننگ فاسٹرنگ ایجنسی ایک ایسی تنظیم ہے جو ان بچوں کی مدد کرتی ہے جو اپنے خاندان کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔
شی انسپائرس انعام سے نوازے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوۓ ثانیہ خان نے کہاکہ سلور لائننگ فاسٹرنگ اس وقت فاسٹرنگ کو بڑھاوا دینے اور بے سہارا بچوں کے لیے محفوظ گھر میسر کرانے کے لیے کوشاں ہے۔ ثانیہ کا ماننا ہے کہ ہر بچے کو پلنے بڑھنے کے لیے ایک محفوظ ماحول ملے جس میں ان کے لیے کھانے پینے اور پڑھنے لکھنے کا معقول انتظام ہو اور انہیں پلنے بڑھنے کے معقول مواقع حاصل ہوں۔
یہ ایجنسی بچوں کو ان خاندانوں کے ساتھ منسلک کرتی ہے جو ان کی مناسب دیکھ بھال اور پرورش کر سکتے ہیں۔ ایجنسی یہ بھی یقینی بناتی ہے کہ فاسٹر خاندانوں کو مناسب تربیت اور مدد فراہم کی جائے، تاکہ بچوں کو محفوظ، پیار بھرا اور مستحکم ماحول مل سکے۔ ان کا مقصد ہے کہ بچے مشکل وقت میں سہارا پا کر اپنی زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔ آج ثانیہ کی تنظیم 60 سے زائد خاندانوں اور 70 بچوں کو بہترین پرورش کی خدمات اور معاشی امداد فراہم کر رہی ہے۔ حال ہی میں سِلور لائیننگ کو برطانیہ میں تعلیم اور بچوں کی خدمات کے معیار کی تنظیم آفسٹیڈ(Ofsted) کی طرف سے "آؤٹ اسٹینڈنگ" ریٹنگ دی گئی ہے۔ یہ درجہ بندی سلور لائننگ کی شاندار کارکردگی اور لگن کا ثبوت ہے اور فاسٹرنگ(fostering) خدمات میں اعلیٰ معیاروں کی نمائندگی کرتی ہے اور اس بات کی تصدیق بھی کہ سِلور لائیننگ فاسٹرنگ بچوں اور فاسٹر خاندانوں کے لیے محفوظ، مؤثر اور مثبت ماحول فراہم کرنے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ یہ کارنامہ بچوں کی زندگی میں استحکام لانے، فاسٹر والدین کو بہترین تربیت اور مدد فراہم کرنے، اور فاسٹرنگ میں بہترین مشقوں کو نافذ کرنے کا نتیجہ ہے۔
◦ اپنے بچپن اور زندگی میں ملنے والی تحریکات کو یاد کرتے ہوۓ ثانیہ کہتی ہیں:
◦ میرے خوابوں کی تخم کاری میرے گاؤں سے ہی شروع ہو چکی تھی۔ محدود وسائل کے باوجود میں نے سیکھ لیا تھا کہ مضبوط ارادے اور لگن سے ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
ضلع میرٹھ کے شاہ جہان پور گاؤں میں پیدا ہوئی ثانیہ خان نے اپنی ابتدائی تعلیم میرٹھ کے دیوان پبلک اسکول سے اور اعلا تعلیم نئی دہلی میں واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ سے، جو ایک مرکزی یونی ورسٹی ہے، حاصل کی تھی۔ سالُ 2006 میں سوشل ورک مضمون میں ایم اے کرنے کے بعد سے اب تک ثانیہ نے فاسٹرنگ(fostering) کے ذریعے بے سہارا بچوں اور خاندانوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے اپنے مشن میں قابل لحاظ کامیابی حاصلُ کی ہے۔