مسجد الاقصیٰ: اسرائیلی وزیر کی آمد سعودی عرب کی مذمت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-04-2025
 مسجد الاقصیٰ: اسرائیلی وزیر کی آمد سعودی عرب کی مذمت
مسجد الاقصیٰ: اسرائیلی وزیر کی آمد سعودی عرب کی مذمت

 

ریاض: سعودی عرب نے بدھ کے روز اسرائیلی نیشنل سیکیورٹی کے وزیر اتمار بن غفیر کے مسجد الاقصیٰ پر دھاوے کی شدید مذمت کی۔ مملکت نے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف مقدس مقامات کے تقدس کو مجروح کرتا ہے بلکہ خطے میں کشیدگی کو بھی بڑھا سکتا ہے۔

اسرائیلی وزیر کا متنازع دورہ

بدھ کے روز، اسرائیل کے وزیر برائے نیشنل سیکیورٹی اتمار بن غفیر سخت سیکیورٹی میں مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوئے۔ ان کے اس اقدام کو فلسطینی عوام اور مسلم دنیا کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ اسے مذہبی اشتعال انگیزی اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔

مقدس مقامات کے تقدس پر حملہ قابلِ مذمت ہے: سعودی وزارت خارجہ

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، سعودی وزارت خارجہ نے مسجد الاقصیٰ کے تقدس پر ہونے والے اس حملے کی سخت مذمت کی اور اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب ایسے کسی بھی عمل کی شدید مخالفت کرتا ہے جو بیت المقدس اور اس کے مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو نقصان پہنچائے۔

جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی حملے کی مذمت

سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیلی فوج کی جانب سے جبالیہ کیمپ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے اہلکاروں پر حملے کی بھی مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ "بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں نہ صرف خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

سعودی عرب نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا اور مقبوضہ بیت المقدس کے تقدس کی پاسداری کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا رہے گا۔