بنگلہ دیش سپریم کورٹ نے سرکاری ریزرویشن کو کم کردیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2024
بنگلہ دیش سپریم کورٹ نے سرکاری ریزرویشن کو کم کردیا
بنگلہ دیش سپریم کورٹ نے سرکاری ریزرویشن کو کم کردیا

 

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے لوگوں کے زبردست احتجاج کے درمیان ہائی کورٹ کے 30 فیصد ریزرویشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ تاہم فی الحال 5 فیصد ریزرویشن برقرار رہے گا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے 30 فیصد ریزرویشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ لیکن غور طلب بات یہ ہے کہ ریزرویشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔

ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد بنگلہ دیش میں تشدد پھوٹ پڑا ہے جس میں 100 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کے خلاف شروع ہونے والے تشدد کے بعد کل 778 ہندوستانی طلباء پڑوسی ملک سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی اعلیٰ عدالت نے ملک میں پھیلتے تشدد کے درمیان سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن میں کمی کر دی ہے۔

اس تشدد میں کئی لوگ مارے گئے ہیں۔ ڈھاکہ اور دیگر شہروں میں یونیورسٹی کے طلباء 1971 میں بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ لڑنے والے جنگی ہیروز کے رشتہ داروں کو پبلک سیکٹر کی ملازمتوں میں 30 فیصد تک ریزرویشن دینے کے نظام کے خلاف کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ ریزرویشن سسٹم میں اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے طلباء کے احتجاج کے دوران دارالحکومت ڈھاکہ اور دیگر مقامات پر تشدد پھوٹ پڑا ہے۔

خراب حالات کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہندوستانی طلباء بنگلہ دیش سے واپس آرہے ہیں۔ حال ہی میں کوچ بہار کے میکھلی گنج بارڈر سے 33 طلباء بنگلہ دیش سے ہندوستان آئے ہیں۔ ان طلباء کا تعلق رنگپور میڈیکل کالج سے ہے۔ ان میں سے چھ ہندوستانی، 18 بھوٹان اور 9 نیپال سے ہیں۔ اس کے علاوہ سلی گڑی کے پھولباری بارڈر سے بھی چھ طالب علم ہندوستان واپس آئے ہیں۔

بنگلہ دیش میں تعلیمی ادارے بند ہونے کے باعث طلبہ نے عارضی طور پر ملک واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک وہ بنگلہ دیش واپس نہیں جائیں گے۔ ریزرویشن سسٹم میں اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے طلباء کے احتجاج کے دوران دارالحکومت ڈھاکہ اور دیگر مقامات پر تشدد کے بعد ہندوستان نے اسے بنگلہ دیش کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، بنگلہ دیش میں مظاہرے جاری ہیں۔

ہم اسے اس ملک کا اندرونی معاملہ سمجھتے ہیں۔ ہم نے بنگلہ دیش میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں اور ضرورت پڑنے پر ان کی مدد کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ہم سے رابطہ کرنے کے لیے نمبر 24 گھنٹے فعال رہتے ہیں۔ جیسوال نے کہا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر خود اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں پولیس اور سیکورٹی اہلکار مظاہرین پر گولیاں اور آنسو گیس کے گولے برسا رہے ہیں۔

دارالحکومت ڈھاکہ میں گزشتہ کئی دنوں سے تمام اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کو لے کر کئی دنوں سے جاری جان لیوا تصادم کے بعد انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ملک میں مکمل بند نافذ کرنے کے لیے احتجاج کرنے والے طلبہ میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔