ہندوستان آنے والوں کی خصوصی نگرانی کرے گا کینیڈا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2024
ہندوستان آنے والوں کی خصوصی نگرانی کرے گا کینیڈا
ہندوستان آنے والوں کی خصوصی نگرانی کرے گا کینیڈا

 

اٹاوا: ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات گزشتہ سال سے کشیدہ ہیں۔ اس دوران کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ہندوستان پر کئی الزامات لگائے۔ جس پرہندوستان کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا۔ اس کے ساتھ ہی اب کینیڈا نے ایک نیا اعلان کیا ہے۔ کینیڈا کی حکومت کی وزیر ٹرانسپورٹ انیتا آنند نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت ،ہندوستان جانے والے لوگوں کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کرے گی۔

انہوں نے ہندوستان جانے والے لوگوں کی جانچ میں انتہائی احتیاط برتنے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کینیڈا نے عارضی طور پر ہندوستان آنے والے مسافروں کے لیے اضافی حفاظتی اسکریننگ کے اقدامات نافذ کیے ہیں۔ مسافروں کو اسکریننگ میں معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ حکومت کینیڈا کے سیکیورٹی سے متعلق یہ نئے قوانین نافذ العمل ہیں۔

ایک اور سرکاری اہلکار نے سی بی سی نیوز کو بتایا ہے کہ کینیڈا میں یہ اقدامات کینیڈین ایئر ٹرانسپورٹ سیکیورٹی اتھارٹی (سی اے ٹی ایس اے) کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔ یہ وہ ایجنسی ہے جو کینیڈا میں ہوائی اڈوں کے محدود علاقوں میں داخل ہونے سے پہلے مسافروں اور ان کے سامان کی اسکریننگ کے لیے ذمہ دار ہے۔

سی اے ٹی ایس اے کی طرف سے کی جانے والی اسکریننگ میں ہاتھ کی جانچ بھی شامل ہے جب کسی شخص پر شبہ ہو یا اسے ٹریس کرنے کی ضرورت ہو، ایکسرے مشینوں کے ذریعے کیری آن بیگز کو منتقل کرنا اور مسافروں کا جسمانی طور پر معائنہ کرنا ۔ قابل ذکر ہے کہ کینیڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کا کسی واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے اس کے پیچھے کوئی ٹھوس وجہ بھی ظاہر نہیں کی۔ اس لیے یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ اس قدم کے پیچھے کینیڈا کی نیت کیا ہے۔