میانمار: 7.7 شدت کا زلزلہ، بنکاک میں شدید جھٹکے، 160افراد ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-03-2025
میانمار: 7.7 شدت کا زلزلہ، بنکاک میں شدید جھٹکے، 160افراد ہلاک
میانمار: 7.7 شدت کا زلزلہ، بنکاک میں شدید جھٹکے، 160افراد ہلاک

 

 میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 160 افراد ہلاک جبکہ 700 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈالے سے 17 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے نتیجے میں منڈالے کے تاریخی رائل پیلس سمیت متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، پل اور سڑکیں تباہ ہو گئیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ تباہی منڈالے کے علاقے میں دیکھی گئی۔ سرکاری نشریاتی ادارے ایم آر ٹی وی کے مطابق اب تک 144 ہلاکتیں اور 732 زخمیوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
تھائی لینڈ: بنکاک میں زیر تعمیر عمارت زمین بوس، تین ہلاکتیں
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث ایک زیر تعمیر 30 منزلہ عمارت گر گئی، جس میں تین افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کے بعد 6.4 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
چاتوچک مارکیٹ کے قریب گرنے والی عمارت میں ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تاحال مکمل تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثے کے وقت عمارت میں کتنے مزدور موجود تھے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی منزلہ عمارت، جس کی چھت پر کرین نصب تھی، اچانک دھول کے بادل کے ساتھ زمین بوس ہو گئی اور لوگ چیختے چلاتے ہوئے بھاگتے نظر آئے۔
 
 منڈالے شہر کی ایک مسجد سے بھی ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے، جو اس وقت گر گئی جب لوگ اندر نماز پڑھ رہے تھے۔ بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں، اور مرنے والوں کی تعداد، تقریباً یقینی طور پر بڑھے گی۔میانمار کی حکومت نے 'ایمرجنسی' کا اعلان کرتے ہوئے بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے شمالی تھائی لینڈ تک محسوس کیے گئے، جہاں بنکاک میں کچھ میٹرو اور ریل خدمات معطل کردی گئیں۔ تھائی وزیر اعظم پیٹونگٹرن شیناواترا بحران کا جائزہ لینے کے لیے ایک "فوری میٹنگ" کر رہی ہیں اور انہوں نے بھی دارالحکومت میں 'ایمرجنسی' کا اعلان کر دیا ہے۔
چین: سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، گھروں کو نقصان
زلزلے کے اثرات چین کے شمال مشرقی صوبوں یونان اور سیچوان میں بھی محسوس کیے گئے۔ چینی میڈیا کے مطابق میانمار کی سرحد کے قریب واقع شہر رویلی میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
رویلی سے میڈیا کو موصول ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑکوں پر عمارتوں کا ملبہ بکھرا پڑا ہے اور زخمی افراد کو سٹریچر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
چین کے شہر مانگشی میں بھی زلزلے کے جھٹکے شدید تھے، ایک مقامی شہری نے آن لائن میڈیا کو بتایا کہ جھٹکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگ کھڑے بھی نہیں رہ پا رہے تھے۔
زلزلے کی شدت اور ماہرین کی رائے
امریکی جیولوجیکل سروے اور جرمنی کے جی ایف زیڈ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق زلزلہ 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، جس کا مرکز میانمار میں تھا۔زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کی وجہ سے مزید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
  میانمار میں زلزلے نسبتاً عام ہیں، جہاں 1930 اور 1956 کے درمیان 7.0 شدت یا اس سے زیادہ کے چھ زوردار زلزلےSagaing Fault کے قریب آئے، جو ملک کے شمال سے جنوب کی طرف جاتا ہے۔وسطی میانمار کے قدیم دارالحکومت باغان میں 6.8 شدت کے ایک طاقتور زلزلے نے 2016 میں تین افراد کی جان لے لی، سیاحتی مقام پر اسپائرز اور مندر کی دیواریں بھی گر گئیں۔غریب قوم کا طبی نظام خاص طور پر دیہی ریاستوں میں تناؤ کا شکار ہے