غزہ میں جنگ بندی :حماس نے تین اسرائیلی اور اسرائیل نے90 فلسطینی یرغمالیوں کو رہاکیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-01-2025
غزہ میں جنگ بندی :حماس نے تین اسرائیلی  اور اسرائیل نے90    فلسطینی یرغمالیوں کو رہاکیا
غزہ میں جنگ بندی :حماس نے تین اسرائیلی اور اسرائیل نے90 فلسطینی یرغمالیوں کو رہاکیا

 

 غزہ :کئی مہینوں کے مذاکرات اور کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد بالآخر غزہ میں اتوار کو جنگ بندی عمل میں آئی۔ جبکہ حماس نے پہلے تین اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ریڈ کراس نے حماس کے ساتھ جنگ ​​بندی معاہدے کے تحت 3 یرغمالیوں کو حوالے کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد  ہی اسرائیلی جیل سروس نے مغربی کنارے کے علاقے اوفرجیل سے90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب تین اسرائیلی خواتین یرغمالیوں کو حماس کی جانب سے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے حوالے کرنے کے بعد ان کے آبائی ملک واپس آگئی ہیں، جو کہ غزہ جنگ بندی میں پہلا قدم ہے، اسرائیلی ڈیفنس فورسز نےایکس  پر پوسٹ کیا ہے
 تین خواتین قیدیوں کو باضابطہ طور پر مغربی غزہ شہر کے علاقے الرمال میں السریا سکوائر میں ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔یہ اس کے بعد ہوا جب ریڈ کراس کی ٹیم کے ایک رکن نے ان (قیدیوں) سے ملاقات کی اور ان کی خیریت کی تصدیق کی۔اسرائیلی فوج نے حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ریڈ کراس نے اطلاع دی ہے کہ تین اسرائیلی قیدیوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا ہے اور وہ غزہ کی پٹی میں آئی ڈی ایف (فوج) اور آئی ایس اے (سیکیورٹی ایجنسی) کی فورسز کی جانب روانہ ہو چکے ہیں
اسرائیل سے 90 فلسطینی قیدیوں کی فہرست  کا انتظار : حماس
فلسطینی تنظیم حماس نے  کہا ہے کہ وہ ان 90 قیدیوں کی فہرست کا انتظار کر رہی ہے جو فائر بندی کے پہلے دن اسرائیل کی طرف سے قیدیوں کے تبادلے میں رہا کیے جائیں گے۔حماس نے ایک بیان میں کہا کہ ’قبضہ کرنے والوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ جلد ہی ایک فہرست فراہم کریں گے جس میں ان 90 قیدیوں کے نام ہوں گے جو خواتین اور بچوں کی کیٹگری سے تعلق رکھتے ہیں اور جنہیں جنگ بندی کے پہلے دن رہا کیا جانا ہے۔اسرائیل اور ثالثی کرنے والے ملک قطر نے اتوار کو تصدیق کی کہ غزہ میں اس فائر بندی پر عمل ہو چکا ہے جس کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔یہ فائر بندی تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر کے بعد ممکن ہوئی کیوں کہ اسرائیل نے حماس کی طرف سے پہلے رہا کیے جانے والے تین قیدیوں کی فہرست کا انتظار کیا۔فائر بندی کے منصوبے کے مطابق سات اکتوبر، 2023 کو حماس کی طرف سے قیدی بنائے گئے 33 افراد کو ابتدائی 42 دن کی فائر بندی کے دوران غزہ سے واپس بھیجا جائے گا۔