عزہ: اسرائیلی حملے میں 51 افراد ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2025
عزہ:  اسرائیلی حملے میں 51 افراد  ہلاک
عزہ: اسرائیلی حملے میں 51 افراد ہلاک

 



غزہ:  مشرق وسطیٰ میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں شدت آ گئی ہے۔ اسرائیل نے 18 مارچ کو حماس کے ساتھ جنگ بندی ختم کرتے ہوئے اچانک بمباری کا آغاز کیا، جو اب روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ زمینی افواج نے رفح شہر کا محاصرہ کر کے اس کے تقریباً نصف حصے پر قبضہ جما لیا ہے۔ غزہ میں دو ملین فلسطینیوں پر خوراک اور ادویات سمیت تمام امدادی سامان کی ترسیل بند کر دی گئی ہے۔

امدادی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اشیائے ضرورت کا ذخیرہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور ہزاروں بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ سخت ناکہ بندی اور حملوں کا مقصد حماس پر دباؤ بڑھانا ہے۔ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ جب تک حماس کو مکمل طور پر تباہ یا غیر مسلح نہیں کر دیا جاتا اور تمام یرغمالیوں کو بازیاب نہیں کرا لیا جاتا، جنگ جاری رہے گی۔

 ادھر حماس کا مؤقف ہے کہ باقی ماندہ یرغمالیوں کی رہائی اسی وقت ممکن ہو گی جب اسرائیل فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے، مستقل جنگ بندی پر رضامند ہو اور اپنی افواج کو مکمل طور پر غزہ سے نکال لے، جیسا کہ جنوری کے جنگ بندی معاہدے میں طے پایا تھا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک اکثریت خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں پر مشتمل ہے، جبکہ ایک لاکھ 17 ہزار 600 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے 20 ہزار فلسطینی جنگجو مارے ہیں، تاہم اس کے شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔مسلسل بمباری اور تباہی کے نتیجے میں غزہ کے وسیع علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں اور تقریباً 90 فیصد آبادی بے گھر ہو کر خیمہ بستیوں یا تباہ شدہ عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئی ہے