حج کوٹہ تنازعہ : سعودی نےمزید دس ہزار ہندوستانی عازمین کو دی منظوری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-04-2025
حج  کوٹہ تنازعہ : سعودی نےمزید  دس ہزار  ہندوستانی عازمین  کو دی منظوری
حج کوٹہ تنازعہ : سعودی نےمزید دس ہزار ہندوستانی عازمین کو دی منظوری

 



نئی دہلی، 15 اپریل — حج 2025 کے لیے سعودی عرب نے ہندوستان کے مزید 10 ہزار عازمین حج کو فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب مرکزی حکومت نے سعودی حکام سے نجی حج کوٹے میں کٹوتی کے معاملے پر بات چیت کی۔ وزارت اقلیتی امور نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔

وزارت نے نجی ٹور آپریٹرز کو اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے، جن کی کوتاہی کے باعث ہندوستان کو 52,500 سے زائد حج نشستوں سے محروم ہونا پڑا۔ وزارت نے تمام پرائیویٹ آپریٹرز کو فوری طور پر حج کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

اس مسئلے کو کئی سیاسی رہنماؤں نے بھی اٹھایا، جن میں تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی شامل ہیں۔ ان رہنماؤں نے وزارت خارجہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی تاکہ اس تنازع کو سعودی حکام کے ساتھ اٹھایا جا سکے، کیونکہ اس سے عازمین کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا تھا۔

وزارت نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت حج کو جانے والے ہندوستانی مسلمانوں کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتی ہے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں ہندوستان کا حج کوٹہ 2014 میں 1,36,020 تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 1,75,025 ہو گیا ہے۔

وزارت اقلیتی امور کے مطابق، حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے 1,22,518 عازمین کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ بقیہ کوٹہ (تقریباً 50 ہزار) پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو دیا گیا تھا۔ سعودی عرب کی نئی ہدایات کے تحت 800 سے زائد پرائیویٹ آپریٹرز کو ضم کر کے 26 مشترکہ حج گروپ آپریٹرز  بنایا گیا۔تاہم، وزارت کا کہنا ہے کہ متعدد یاددہانیوں کے باوجود، یہ گروپس سعودی حکام کی مقرر کردہ ڈیڈ لائن کے مطابق لازمی معاہدے، جیسے کہ منیٰ کیمپ، رہائش اور ٹرانسپورٹ، کو حتمی شکل دینے میں ناکام رہے۔اس صورتحال کے پیشِ نظر، حکومت نے وزیر سطح پر سعودی وزارتِ حج سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں سعودی حکومت نے حج پورٹل (نُسُک پورٹل) کو دوبارہ کھولنے پر آمادگی ظاہر کی تاکہ مزید 10 ہزار عازمین کے لیے انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔وزارت نے ی ایچ جی اوکو فوری طور پر اس عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ "ہندوستان سعودی حکام کی جانب سے مزید عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے کسی بھی اقدام کو سراہتا ہے۔"

سعودی ویزا پابندیاں

اس سال سعودی عرب نے حج کے دوران بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ان میں 14 ممالک — جن میں ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں — کے شہریوں کے لیے مخصوص ویزا کی اجرائی معطل کر دی گئی ہے۔البتہ، یہ پابندی ان ہندوستانی عازمین پر لاگو نہیں ہوتی جنہوں نے باقاعدہ حج ویزا حاصل کیا ہے۔ یہ اقدام صرف ان افراد کے خلاف ہے جو دیگر ویزا اقسام کے ذریعے غیر قانونی طور پر حج کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ گنجائش سے زیادہ ہجوم سے بچا جا سکے۔