واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان اپنے باہمی تعلقات کا معاملہ خود ہی سنبھال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کی قیادت کو جانتے ہیں۔صدر ٹرمپ ایئر فورس ون میں سفر کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ہندوستان اور پاکستان کے رہنماؤں سے رابطہ کریں گے تو انہوں نے اس سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 22 اپریل کو ہندوستان کے زیرِانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں سیاحوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں سخت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ "پاکستان اور ہندوستان کے درمیان صورتحال کافی کشیدہ ہے، مگر ایسا ہمیشہ ہی رہا ہے۔ میرا خیال ہے کہ دونوں ممالک کسی نہ کسی طور پر اس کا حل نکال لیں گے۔"
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان، دونوں کشمیر پر دعویٰ رکھتے ہیں اور اسی تنازع پر وہ دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔
پہلگام حملے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہندوستان نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ پاکستان نے ہندوستانی فضائی کمپنیوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے سمیت کئی جوابی اقدامات کیے ہیں۔خطے میں اس تازہ کشیدگی کے اثرات جمعے کے روز ہندوستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑے، جہاں شدید مندی دیکھی گئی۔