واشنگٹن: امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے چیف ولیم برنس کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کا خیال ہے اسرائیل اور ایران مکمل جنگ نہیں چاہتے۔ ایک غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ولیم برنس نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خطرہ حقیقی ہے، اسرائیل بہت احتیاط سے ایرانی حملے کے جواب کا سوچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے احتیاط سے سوچنے کے باوجود غلط فیصلے کا خدشہ ہے، مشرق وسطیٰ ایسی جگہ ہے جہاں ہر وقت پیچیدہ چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔ ولیم برنس کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے نے ایران کی فوجی صلاحیتوں میں کچھ حدود کو بے نقاب کیا ہے، اسرائیل، امریکا کو ایرانی عسکری صلاحیتوں کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
سی آئی اے کے چیف نے مزید کہا کہ غزہ مذاکرات میں شامل رہنماؤں کو سمجھنا ہو گا کہ بہت ہو گیا، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں بالکل پرفیکٹ صورت حال شاذ و نادر ہی ملتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے طویل مدتی استحکام کو مدِ نظر رکھ کر مشکل فیصلے اور سمجھوتے کرنا ہوں گے۔