اسرائیلی حملہ: حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-03-2025
اسرائیلی حملہ: حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع  ہلاک
اسرائیلی حملہ: حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع ہلاک

 

غزہ : اسرائیلی حملے کے نتیجے میں فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع جاں بحق ہوگئے۔ الاقصیٰ ٹی وی کے مطابق القانوع کو شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں نشانہ بنایا گیا، جس کے دوران متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

حماس کے رہنماؤں پر مسلسل حملے
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ اسرائیلی حملوں کا تسلسل ہے، جس میں حماس کے اعلیٰ عہدے دار نشانہ بنے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیل نے حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اسماعیل برہوم اور سینیئر رہنما صلاح البرداویل کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔ حماس کے ذرائع کے مطابق برہوم اور برداویل تنظیم کے 20 رکنی فیصلہ ساز سیاسی دفتر کے رکن تھے، جن میں سے 2023 سے اب تک 11 کو قتل کیا جا چکا ہے۔

جنوبی غزہ میں بھی حملے، درجنوں ہلاکتیں
طبی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں مختلف اسرائیلی حملوں میں کم از کم چھ فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 18 مارچ سے جاری شدید بمباری کے نتیجے میں اب تک 830 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا
اقوام متحدہ نے بدھ کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ حالیہ اسرائیلی حملوں کے باعث صرف ایک ہفتے میں 1 لاکھ 42 ہزار فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے جنوری 2024 کے درمیان، غزہ کی 90 فیصد آبادی کم از کم ایک بار نقل مکانی کر چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر نئی لہر کے ساتھ ہزاروں افراد نہ صرف اپنے گھروں سے محروم ہو رہے ہیں، بلکہ انہیں خوراک، پینے کے پانی اور بنیادی طبی سہولیات تک رسائی بھی نہیں مل رہی۔

اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ
فائر بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیل کی بمباری اور زمینی کارروائیاں ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہیں، جس پر عالمی برادری کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انسانی بحران کو مزید سنگین ہونے سے روکا جا سکے۔