جوبائیڈن نے کملا ہیرس کے لئے حمایت مانگی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-07-2024
جوبائیڈن نے کملا ہیرس کے لئے حمایت مانگی
جوبائیڈن نے کملا ہیرس کے لئے حمایت مانگی

 

واشنگٹن: جوبائیدن اور کملا ہیرس کے درمیان اختلاف کی خبریں پیچے چلی گئیں جب بائیڈن نے خود آگے آکر کملا ہیرس کی حمایت کی اور ان کے لئے حمایت مانگی۔ اس دوران کملا ہیرس نے اپنے مدمقابل ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے سپورٹرز سے امریکا کی نائب صدر کملاہیرس کی مکمل حمایت کا مطالبہ کردیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کی دوڑ سے باہر ہونے کا میرا فیصلہ بالکل درست تھا۔ ادھر کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق امریکی صدر کو درندہ صفت اوردھوکے باز سے تشبیہ دی اور کہا کہ ٹرمپ کسی جرم میں سزا پانے والے پہلے امریکی رہنما ہیں۔ دوسری جانب کملا ہیرس کو ڈیموکریٹک پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کیلئے کئی اہم ڈیموکریٹ گورنروں کی حمایت حاصل ہوگئی۔

امریکی ریاست مشی گن، الینائے، منی سوٹا، وسکونسن اور کینٹکی کے گورنروں نے کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، اب تک 50 سے زیادہ ڈیموکریٹ ارکان کانگریس کملا ہیرس کی حمایت کر چکے ہیں، اگست میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن میں صدارتی امیدوار کو باقاعدہ نامزد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ڈیموکریٹس نیشنل کنونشن ریاست مشی گن میں 19 سے 22 اگست تک ہوگا۔