پاکستان:فوجی عمارتیں جلانے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے: عمران خان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2023
پاکستان:فوجی عمارتیں جلانے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے: عمران خان
پاکستان:فوجی عمارتیں جلانے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے: عمران خان

 

 لاہور : پاکستان کی سیاست میں ہلچل کا دور جاری ہے،فوج اور حکومت نے عمران خان کو تنہا کرنے کا کام جاری رکھا ہے ۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نو مئی کو عمارتیں جلانے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، تاہم انہوں نے ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت میں انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار مونا خان کے سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ کبھی ملک سے باہر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

چار سو روپے کا ایک (برطانوی) پاؤنڈ ہے، انہوں (ان کے مخالفین) نے تو مال بنایا ہوا ہے، ان کی تو جائیدادیں ہیں، میرے پاس تو اتنے پیسے ہی نہیں کہ باہر جاؤں۔‘ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بدھ کو رہا ہونے والے رہنما شاہ محمود قریشی نے انہیں جو فارمولا دیا اس میں زیر حراست کارکنوں کی رہائیوں کے لیے کوششوں کا ذکر تھا۔

شاہ محمود قریشی نے خاموش رہنے کا بالکل نہیں کہا۔ وہ ایک ماہ جیل میں کاٹ کر آئے ہیں ان کے ساتھ میٹنگ کیسی رہ سکتی تھی۔‘ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ جو سیاستدان پارٹی چھوڑ کر نئی جماعت میں گئے ہیں انہیں گڈ بائی کہتا ہوں، مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات ہیں، لیڈر کو صرف ووٹرز اور عوام مائنس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب لوگوں کو اجتماعی سزا دی جارہی ہے۔ ’اس وقت جو ہورہا وہ صرف نازی جرمنی میں ہوتا تھا۔ اس وقت نہ عدلیہ کی کوئی آواز سن رہا ہے اور نہ ہی میڈیا کی آواز بلند ہو رہی ہے۔ جمہوریت میں کوئی مائنس نہیں ہوتا، صرف وہ مائنس ہوتا ہے جسے عوام مائنس کرتی ہے۔ اس سے قبل عدالت کے حکم پر عمران خان نے بائیو میٹرک کروایا۔