پاکستانی ایر ویز کو یورپ کی براہ راست پروازوں کی اجازت نہیں ملی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 22-07-2024
پاکستانی ایر ویز کو یورپ کی براہ راست پروازوں کی اجازت  نہیں ملی
پاکستانی ایر ویز کو یورپ کی براہ راست پروازوں کی اجازت نہیں ملی

 

اسلام آباد : پاکستان کے لیے برا وقت ختم نہیں ہو رہا ہے نئی حکومت کے قیام کے بعد بھی عالمی سطح پر پاکستان کی پریشانیوں کا سلسلہ جاری ہے, جن میں ایک شہری ہوا بازی بھی ہے-  اب خبر ملی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) سمیت پاکستانی فضائی کمپنیوں کو یورپ کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت نہ مل سکی۔ یورپی یونین ایوی ایشن سفیٹی ایجنسی (ایاسا) کے اجلاس میں پاکستان پر عائد پابندی ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا ہے۔  اس فیصلے نے پاکستانی ہوا بازی کی صنعت کو زبردست جھٹکا لگایا ہے جو پچھلے چند سال سے اس بحران کا شکار ہے -پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ رواں ماہ امید کی جا رہی تھی کہ یورپ کا روٹ پاکستانی ایئر لائنز کے لیے ایک بار پھر بحال ہونے جا رہا ہے لیکن اب تک کی جو اطلاعات ہیں ان کے مطابق پاکستانی ایئر لائنز کو یورپ کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

دراصل یہ مسئلہ اس وقت شروع ہوا تھا جب چار برس قبل پاکستان کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے پارلیمان کو بتایا تھا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان کے 860 پائیلٹس میں سے 260 سے زائد پائلٹ نے لائسنس دھوکہ دہی سے حاصل کیے ہیں۔اس بیان پر ایاسا نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی ایئر لائنز  پر پابندی عائد کی تھی۔ اس کے بعد کئی مرتبہ پاکستان کے ایوی ایشن ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے ایاسا کے اجلاسوں میں شرکت کر کے انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود اب تک صورت حال پاکستان کے حق میں نہیں ہے۔