آواز دی وائس
سال 2047 تک ہندوستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو ہندوستان کی آزادی کی سوسالہ ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ریو G20 سربراہی اجلاس میں دو طرفہ بات چیت ہوئی۔ یہاں ہندوستان-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، جسے 'ہورائزن 2047 روڈ میپ' اور دیگر دو طرفہ اعلانات کی شکل دی گئی ہے۔
جنوری میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے صدر میکرون کے بطور مہمان خصوصی ہندوستان کے دورے اور جون میں اٹلی میں جی -7 سربراہی اجلاس کے دوران ان کی ملاقات کے بعد، دونوں رہنماؤں کے درمیان اس سال یہ تیسری ملاقات تھی۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میٹنگ کے دوران ہم نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ ہندوستان اور فرانس کس طرح خلا، توانائی، اے آئی اور مستقبل کے دیگر شعبوں میں مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ہمارے ممالک عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔
گزشتہ چند سالوں میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان اپنی دوستی اور تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ میکرون نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان کو عالمی تاریخ کا ایک ایسا دیو قرار دیا ہے جو مستقبل میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔
ہندوستانی وقت کے مطابق پیر کی رات دونوں رہنماؤں نے ریو ڈی جنیرو میں ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف صنعتوں سمیت سٹریٹجک، ثقافتی، سائنسی، تعلیمی اور اقتصادی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
میکرون نے وزیر اعظم مودی کو گلے لگاتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کیا۔ پوسٹ کے کیپشن میں، انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملنا ہمیشہ خوشی کی بات ہے، کیونکہ ہندوستان کے ساتھ ہماری شراکت داری بھرپور اور کثیر جہتی ہے۔ ہم نے گزشتہ جنوری میں اپنے ریاستی دورے کے دوران شروع کیے گئے اقدامات کی پیشرفت شیئر کی۔
وزارت خارجہ نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دفاع، خلائی اور سول نیوکلیئر توانائی جیسے اسٹریٹجک شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں حاصل ہونے والی پیشرفت کو سراہا اور اسٹریٹجک خود مختاری کے لیے اپنے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط کرنے پر غور کیا۔
وزارت خارجہ نے وضاحت کی کہ دونوں رہنماؤں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں سمیت تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر پر ہندوستان-فرانس شراکت داری کی بھی تعریف کی گئی۔ اس تناظر میں، وزیراعظم نے فرانس میں آئندہ اے آئی ایکشن سمٹ کے انعقاد کے لیے صدر میکرون کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ اس دوران یوکرین میں جاری تنازعہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔