صدر ٹرمپ کا نیا ایگزیکٹو آرڈر: دستاویزات نہ رکھنے والے امیگرینٹس سوشل سیکیورٹی سے محروم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2025
صدر ٹرمپ کا نیا ایگزیکٹو آرڈر: دستاویزات نہ رکھنے والے امیگرینٹس سوشل سیکیورٹی سے محروم
صدر ٹرمپ کا نیا ایگزیکٹو آرڈر: دستاویزات نہ رکھنے والے امیگرینٹس سوشل سیکیورٹی سے محروم

 

واشنگٹن : امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت غیر قانونی تارکینِ وطن کو اب سوشل سیکیورٹی ایکٹ کے تحت حاصل ہونے والے فوائد سے محروم کر دیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، بعض امیگرینٹس ایسے جعلی سوشل سیکیورٹی نمبرز کے ذریعے روزگار حاصل کر لیتے ہیں جن کی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔ اس اقدام کا مقصد ایسے تمام افراد کو حکومتی مراعات سے روکنا ہے جو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

دوسری طرف، محکمہ حکومتی استعداد کار نے غیر قانونی امیگرینٹس کو گھروں اور ملازمتوں سے بےدخل کرنے کے لیے ایک نیا قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت لوگوں کا ذاتی ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔ یہ ڈیٹا عام طور پر محفوظ سمجھا جاتا ہے، لیکن اب اس میں یہ معلومات شامل کی جا رہی ہیں کہ افراد کہاں کام کرتے ہیں، کہاں تعلیم حاصل کرتے ہیں، اور ان کی رہائش کہاں واقع ہے۔ میڈیا کے مطابق، فلسطین کے حق میں مظاہرے کرنے والے افراد کا بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، جس پر شہری آزادیوں کے علمبردار حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پرامن مظاہروں میں شرکت کرنے والے افراد کی نگرانی شہری آزادیوں کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ یہ اقدامات امریکہ میں امیگریشن اور شہری حقوق کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دے رہے ہیں، جہاں ایک طرف سیکیورٹی کا مسئلہ ہے تو دوسری جانب انسانی حقوق کے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔