ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین کو حج کی جعلی سکیموں سے خبردار کر دیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ مناسک حج کی ادا کرنے کے لیے بکنگ صرف منظور شدہ پلیٹ فارمز کے ذریعے کی جاتی ہے۔
وزارت نے جعلی حج سکیموں کا جواب نہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغیر اجازت نامہ کے حج کرنا ایک خلاف ورزی ہے۔
اس خلاف ورزی پر سسٹم حرکت میں لایا جائے گا۔ وزارت نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ سعودی عرب کے اندر سے مناسک حج کی ادا کرنے کے لیے ریزرویشن وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ اور "نسک" ایپلی کیشن کے ذریعے کی جارہی ہے۔
یورپ، امریکہ اور آسٹریلیا سے آنے والے عازمین حج ’’ نسک‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعہ بکنگ کرا سکتے ہیں۔ اسلامی ملکوں سے حج کی بکنگ حجاج کے لیے قائم ریزرویشن دفاتر سے کی جارہی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ جو لوگ اس سال 1444 ہجری کو سعودی عرب کے باہر سے حج کرنے کے خواہش مند افراد صرف حج ویزا کے ذریعے ہی سعودی عرب آکر مناسک حج ادا کرسکتے ہیں۔ وزٹ، سیاحت، ورک، ٹرانزٹ اور دیگر ویزے رکھنے والے افراد کو سعودی عرب میں حج کے مناسک ادا کرنے کی اجازت نہیں۔