کینیڈا اور امریکہ کے درمیان پرانے تعلقات کا دور ختم:مارک کارنی

Story by  محفوظ عالم | Posted by  [email protected] | Date 28-03-2025
کینیڈا اور امریکہ کے درمیان پرانے تعلقات کا دور ختم:مارک کارنی
کینیڈا اور امریکہ کے درمیان پرانے تعلقات کا دور ختم:مارک کارنی

 

اٹاوا: کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ کینیڈا اور امریکہ کے درمیان پرانے تعلقات کا دور ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکہ کے ساتھ اقتصادی، سیکیورٹی اور عسکری تعلقات کی گہرائی کا زمانہ اب گزر چکا ہے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گاڑیوں کی درآمد پر بھاری محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا۔

ٹرمپ نے امریکہ میں گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے، جو آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہوگا۔ ماہرین کے مطابق، یہ اقدام کینیڈا کی آٹو انڈسٹری کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ صنعت تقریباً 5 لاکھ ملازمتوں کو سپورٹ کرتی ہے۔ ٹرمپ کے اعلان کے فوراً بعد وزیرِ اعظم مارک کارنی نے اپنی انتخابی مہم معطل کر دی اور اوٹاوا واپس آ کر کابینہ کے ارکان کے ساتھ ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کے خلاف حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔

مارک کارنی نے ٹرمپ کے آٹو ٹیرف کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صدر ٹرمپ نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مستقل طور پر بدل دیا ہے اور مستقبل میں کسی بھی تجارتی معاہدے کے باوجود واپس جانے کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

وزیرِ اعظم کارنی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہمارا پرانا تعلق جو معیشتوں کے انضمام اور قریبی سیکیورٹی و عسکری تعاون پر مبنی تھا، اب ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا امریکا کی جانب سے عائد کردہ آٹو ٹیرف کے خلاف جوابی تجارتی اقدامات کرے گا، اور ان اقدامات کو اس طرح ترتیب دیا جائے گا کہ امریکا میں زیادہ اثر پڑے جبکہ کینیڈا میں کم سے کم نقصان ہو۔