ٹرمپ کی دعائیہ تقریب: چرچ میں تلاوت قرآن اور اذان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-01-2025
ٹرمپ کی دعائیہ تقریب: چرچ میں تلاوت قرآن اور اذان
ٹرمپ کی دعائیہ تقریب: چرچ میں تلاوت قرآن اور اذان

 

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افتتاحی دعائیہ تقریب کے دوران گرجا گھر قرانی آیات اور اذان سے گونج اُٹھا۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل کیتھیڈرل چرچ میں کثیر العقیدہ دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہل خانہ اور نو منتخب حکومتی اراکین کے ہمراہ شرکت کی۔

اس موقع پر مسلمانوں کی نمائندگی نیشن مسجد کے امام ڈاکٹر محمد فراسر رحیم نے کی۔ تقریب کے دوران امام ڈاکٹر محمد فراسر رحیم نے مذہبی نمائندگی کرتے ہوئے قرآن پاک کی سورۃ الحدید کی 4 تا 7 آیات کی تلاوت کی۔ تلاوت کے بعد ڈاکٹر شیخ اکبر شریف نے اذان دی۔

قرآن پاک کی تلاوت اور اذان کا احترام کرتے ہوئے اس موقع پر خاموشی اختیار کی گئی جبکہ صدر ٹرمپ اور دیگر حاضرین نے تلاوت اور اذان کو توجہ سے سنا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ چرچ میں ہونے والی افتتاحی دعائیہ تقریب کی پادری بائیں بازو کی انتہا پسند اور ٹرمپ کی مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پادری کے بات کرنے کا انداز ناگوار تھا، وہ اور ان کا چرچ عوام سے معافی مانگے۔ واضح رہے کہ پادری نے دعائیہ تقریب میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ تارکینِ وطن میں خوف کا بیج بو رہے ہیں۔

انہوں نے صدر ٹرمپ سے تارکینِ وطن کے خلاف اقدامات پر نظرِ ثانی کی اپیل کی تھی۔ پادری نے کہا تھا کہ یہ لوگ ہمارے کھیتوں میں کام کرتے ہیں، ہماری عمارتوں کو صاف رکھتے ہیں، یہ لوگ ریسٹورنٹس میں ہمارے گندے برتن دھوتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ لوگ شاید امریکی شہری نہ ہوں اور نہ ہی ان کے پاس ضروری دستاویز ہوں لیکن ان میں زیادہ تر لوگ جرائم پیشہ نہیں ہیں۔