نیویارک: نیویارک کی ایک وفاقی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اُس فیصلے کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے جس کے تحت وائس آف امریکہ اور دیگر امریکی مالی امداد سے چلنے والے میڈیا اداروں کو بند کرنے یا ان کے ملازمین کو برطرف کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
عدالت نے اس اقدام کو غیر قانونی اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کو وائس آف امریکہ کے 1,200 سے زائد صحافیوں اور ملازمین کو تحلیل کرنے یا برطرف کرنے سے روک دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد، وائس آف امریکہ کے ملازمین کی نوکریاں بحال ہو گئی ہیں، اور انہیں تنخواہ کے ساتھ چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے سات وفاقی اداروں کی سرگرمیوں میں کمی یا بندش کا حکم دیا تھا، جن میں وائس آف امریکہ بھی شامل تھا۔
اس حکم کے نتیجے میں وائس آف امریکہ کے ملازمین کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا تھا اور ادارے کی سرگرمیاں متاثر ہو گئی تھیں۔ تاہم، عدالت کے حالیہ فیصلے نے اس اقدام کو معطل کر دیا ہے، جس سے وائس آف امریکہ کی نشریات اور ملازمین کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔