آواز دی وائس : یارگٹی تعلقہ کے پرسکون گاؤں کوڈلی واڈا سے ایک ایسی کہانی سامنے آئی ہے جو استقامت حوصلے اور غیر متزلزل عزم کی علامت بن چکی ہے،ایک ایسی داستان جس نے صرف ایک خاندان ہی نہیں، بلکہ پورے گاؤں کو فخر سے سرشار کر دیا ہے۔ ہنومان تھاپا یلّپا نندی ایک نہایت سادہ اور غریب گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد یلّپا بھیڑیں چراتے تھے، اور ان کی والدہ کلاوّا کھیتوں میں دن رات محنت کرتی تھیں خاندا ن انتہائی غربت میں زندگی گزار رہا تھا، سول سروسز یا اعلیٰ تعلیم کا کوئی پس منظر نہیں تھا،مگر ان کے پاس ایک ایسی طاقت تھی جو ہر کمی پر غالب آئی، یقین کہ ان کا بیٹا حالات سے بلند ہوگا اور ایک دن ملک اس پر فخر کرے گا۔
ہنومان تھاپا نےUPSC کے سول سروسز امتحان میں 910ویں رینک حاصل کر کے صرف کامیابی نہیں بلکہ فتح حاصل کی ہے ۔اہم بات یہ ہے کہ یہ کامیابی بھی آٹھویں کوشش میں ملی ہے ۔انہوں نے کہامیں بہت خوش ہوں۔ میں نے تین بار مینز امتحان لکھا ہے۔ میںKPSC کی بھی تیاری کر رہا تھا۔ یہ کامیابی میں اپنے والدین اور ان دوستوں کے نام کرتا ہوں جنہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔ میں ان کو کبھی نہیں بھولوں گا۔جیسے ہی یہ خبر گھر پہنچی، خوشی کا سماں چھا گیا۔ والد، والدہ، بیوی یشودا، بھائی آنند ۔ سب جذبات سے لبریز ہو گئے۔ پورا گاؤں فخر سے جھوم اٹھا۔ جو لڑکا کبھی گاؤں کے سرکاری اسکول میں پڑھتا تھا، آج امید کی ایک نئی کرن بن چکا ہے۔ہنومانتاپا کی تعلیمی داستان بھی اتنی ہی متاثرکن ہے جتنی ان کی ذاتی۔
انہوں نے پہلی سے ساتویں جماعت تک تعلیم سرکاری پرائمری اسکول کوڈلی واڈا سے حاصل کی، پھر ہائی اسکول ستیگری میں مکمل کیا، اورPUC کی تعلیم KCD کالج دھارواڑ سے حاصل کی۔ انہوں نے بی ای (مکینیکل انجینئرنگ) گوگٹے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، بیلگاوی سے مکمل کیا۔ ایک سرکاری اسکالرشپ کے ذریعے وہ دہلی سول سروسز کی تیاری کے لیے گئے، وہ ایک سال ان کی کامیابی کی بنیاد بن گیا۔انہوں نے شنکراIAS، انسائٹسIAS، اور اکّاIAS جیسے ممتاز کوچنگ مراکز سے محنت کی۔ بنگلور کے ایک چھوٹے سے کرائے کے کمرے میں رہ کر پڑھائی کی۔ہنومانتاپا غریب اور پسماندہ طبقات کی خدمت کا خواب دیکھتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں انڈین ریونیوسروس یا انڈین ریلوے سروس میں پوسٹ ملے، لیکن وہ کہتے ہیں کہ جو بھی سروس ملے، میں دیانتداری اور لگن کے ساتھ کام کروں گا۔ایک ایسے ملک میں جہاں غربت اکثر خوابوں کو دبا دیتی ہے، ہنومانتاپا یلّپا نندی کی کہانی ایک بلند مثال ہے۔ یہ یاد دہانی ہے کہ اصل شناخت پس منظر سے نہیں، بلکہ عزم سے بنتی ہے۔