نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) نے سائنس، آرٹس اور کامرس اسٹریمز کے 12ویں جماعت کے باقاعدہ بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے حال ہی میں ایک نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق آخری سال کے پوسٹ گریجویٹ طلباء اور انڈر گریجویٹ طلباء بالترتیب 2 اور 15 مارچ سے کیمپس میں فزیکل کلاسز دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔
جے ایم آئی نے ایک بیان میں کہا کہ تینوں اسٹریمز کے کل طلباء میں سے 48.51 فیصد لڑکے اور 51.49 فیصد لڑکیاں تھیں۔ سائنس اسٹریم میں ثانیہ پروین نے 94.4 فیصد نمبر لے کر امتحان میں ٹاپ کیا۔ جبکہ آتشان علی نے 93.2 فیصد کے ساتھ دوسری اور ادیب علی نے 93 فیصد نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
آرٹس اسٹریم میں اقصیٰ اقدس نے 95.8 فیصد نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فضا بانو نے 95.6 فیصد نمبر لے کر دوسری اور حنیفہ فردوس نے 95 فیصد نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامرس اسٹریم میں محمد ارمان، صفیہ نور اور ردا خان نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یونیورسٹی نے بتایا کہ محمد ارمان نے 93.4 فیصد، صفیہ نور نے 90.6 فیصد اور ردا خان نے 90 فیصد نمبر حاصل کئے۔
جے ایم آئی کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے طلباء کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ملک کی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کریں گے اور ادارے کا نام روشن کریں گے۔ اختر نے کہا کہ جو لوگ چند نمبروں سے اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے سے محروم رہ گئے انہیں مایوس نہیں ہونا چاہیے اور زندگی میں آنے والے مقابلوں اور چیلنجز کے لیے سخت محنت کرنی چاہیے۔
سائنس اسٹریم میں پاس ہونے کا مجموعی تناسب 66.17 فیصد، آرٹس میں 78.35 فیصد اور کامرس میں 65.48 فیصد ہے۔ یونیورسٹی نے بتایا کہ سائنس اور آرٹس میں لڑکیوں نے لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سائنس اسٹریم میں 64 لڑکوں اور 81 لڑکیوں نے امتیاز کے ساتھ فرسٹ ڈویژن حاصل کی جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 186 طلباء نے سادہ فرسٹ ڈویژن حاصل کی۔ آرٹس اسٹریم میں 57 لڑکوں اور 118 لڑکیوں نے امتیاز کے ساتھ فرسٹ ڈویژن حاصل کی جبکہ 68 طلباء نے سادہ فرسٹ ڈویژن حاصل کی۔ دریں اثناء کامرس اسٹریم میں 37 لڑکوں اور 34 لڑکیوں نے امتیاز کے ساتھ فرسٹ ڈویژن حاصل کی جبکہ 53 طلباء نے فرسٹ ڈویژن حاصل کی۔