خواجہ تمبولی: کرکٹ بیٹ کو برانڈ بنانے کی جدوجہد کی کہانی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-02-2025
 خواجہ تمبولی: کرکٹ بیٹ کو برانڈ بنانے کی جدوجہد کی کہانی
خواجہ تمبولی: کرکٹ بیٹ کو برانڈ بنانے کی جدوجہد کی کہانی

 

فضل پٹھان : پونے 

ہر انسان کی زندگی میں ایک ایسا لمحہ آتا ہے جو سب کچھ بدل دیتا ہے۔ حالات سب کو موقع دیتے ہیں مگر صرف چند لوگ ہی ان مواقع کا صحیح استعمال کرتے ہیں۔ مستقل محنت اور دیانتداری سے کی گئی کوششیں آخرکار کامیابی دلاتی ہیں۔ اس کی بہترین مثال شمالی سولاپور تعلقہ کے وڈالا گاؤں کے ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والے خواجہ تمبولی ہیں۔ خواجہ نے اپنی محنت اور لگن سے اپنے خوابوں کو حقیقت بنایا۔ انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ ٹینس بال کرکٹ بیٹ کا کاروبار شروع کیا اور اس میدان میں اپنی پہچان قائم کی۔ اس مضمون کے ذریعے ہم خواجہ تمبولی کے متاثر کن سفر کو جانیں گے، جو نوجوان کاروباری افراد کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔

خواجہ کا ابتدائی سفر
کیسا کہ کہا جاتا ہے کہ کہیں پہنچنے کے لیے کہیں سے نکلنا ضروری ہے۔ آغاز ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔ اپنے ابتدائی سفر کے بارے میں خواجہ کہتے ہیں۔ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد میں نے بی ایس سی (کیمسٹری) میں داخلہ لیا۔ میں نے کیمسٹری میں بی ایس سی مکمل کی۔ ہمارے گھر کی مالی حالت اچھی نہیں تھی۔ گزشتہ 14 سالوں سے میرے والد کام نہیں کر رہے تھے۔ میری والدہ ہی گھر کی کفالت کر رہی تھیں۔ میں چاہتا تھا کہ کسی بھی طرح سے روزگار کما کر اپنی ماں کا سہارا بنوں۔
خواجہ مزید بتاتے ہیں کہ مجھے بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا، میں کرکٹ ٹورنامنٹ دیکھتا تھا اور کھلاڑیوں کے بیٹ دیکھ کر بہت متاثر ہوتا تھا۔ بی ایس سی مکمل کرنے کے بعد کیمیکل سے الرجی ہو گئی، جس کی وجہ سے نوکری کرنا ممکن نہ رہا۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس شعبے میں آ جاؤں گا، مگر گھر کی مالی پریشانیوں کی وجہ سے کچھ نہ کچھ کرنے کی ضرورت تھی۔ میں نے گرام پنچایت سے ایک دکان لینے کا فیصلہ کیا، اور گرام پنچایت نے تعاون کرتے ہوئے مجھے دکان دی۔ تب میں نے اس دکان سے اسپورٹس کا سامان جیسے ٹریک پینٹ، ٹی شرٹس، اور مختلف کمپنیوں کے بیٹ فروخت کرنے شروع کیے۔
خاندانی حالات اور خواب
خواجہ اپنے والدین کے ساتھ وڈالا گاؤں، شمالی سولاپور تعلقہ میں رہتے ہیں۔ ان کے والد، اجمدین تمبولی، موتیوں اور زیورات کی پالش کا کام کرتے تھے، لیکن چودہ سال قبل ذہنی بیماری کی وجہ سے کام چھوڑنا پڑا۔ تب سے ان کی والدہ رشاد نے گھر چلانے کے لیے گھریلو اشیاء بیچنے اور ہفتہ وار بازار لگانے کا کام شروع کیا۔خواجہ اپنی زندگی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگرچہ اب ہماری حالت کچھ بہتر ہے، مگر میں نے بہت سی مشکلات دیکھی ہیں۔ میرے والد بیماری کے باعث کام نہیں کر سکتے، اور میری ماں نے اکیلے گھر سنبھالا ہے۔ پڑھائی کے ساتھ میں نے چھوٹے موٹے کام کر کے گھر میں ہاتھ بٹایا۔ میں نے سیکھا کہ غربت خواب دیکھنے سے نہیں روکتی، بلکہ خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کے لیے محنت ضروری ہے۔
چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے کاروبار کی شروعات
خواجہ کہتے ہیں کہ میری والدہ نے اپنی جمع پونجی مجھے دی، میں نے اپنے کاروبار کو'KT Bats' کے نام سے شروع کیا۔ ابتدا میں میں صرف بیٹ فروخت کرتا تھا، لیکن بڑی کمپنیوں نے کہا کہ بڑے آرڈرز کے بغیر سامان نہیں دیں گے۔ تب میرے پاس اتنے پیسے نہیں تھے۔پیسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خواجہ نے ٹی شرٹ پرنٹنگ کا کاروبار شروع کیا،مختلف تہواروں کے لیے گروپس کو ٹی شرٹس فراہم کیں۔اس دوران انہیں اپنا برانڈ بنانے کا خیال آیا،انہوں نے بغیر اسٹیکر والے بیٹ خرید کر اپنے اسٹیکر لگائے مگر گاہکوں کو یہ بیٹ پسند نہیں آئے اور نقصان ہوا۔
اس کے بعد خواجہ نے سوچا کہ اگر مارکیٹ کے بیٹ اچھے نہیں تو کیوں نہ خود بہترین کوالٹی کے بیٹ بنائے جائیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے کشمیر جا کر لکڑی کی اقسام اور بیٹ بنانے کی تکنیک سیکھی۔ وہاں سے واپس آ کر مشین خریدی اور خود بیٹ بنانا شروع کیا۔ یہیں سے میرے کاروبار نے صحیح معنوں میں رفتار پکڑی۔
خواجہ کی والدہ رشاد کی باتیں
خواجہ کی والدہ رشاد اپنے بیٹے کی کامیابی پر کہتی ہیں کہ خواجہ کو بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا۔ میں نے اپنی جمع پونجی اس کے خوابوں میں لگائی،اس نے میری توقعات پوری کیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ مزید ترقی کرے گا۔
کاروبار میں ریسرچ کی اہمیت
خواجہ کہتے ہیں کہ کاروبار شروع کرنے سے پہلے مطالعہ کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مارکیٹ میں مشہور کمپنیوں اور کھلاڑیوں کی پسندیدہ بیٹ کی خصوصیات کا مطالعہ کیا، جیسے بیٹ کا وزن، اسکوپ، اور کھلاڑیوں کی کھیلنے کی تکنیک۔
کھلاڑیوں کے انداز کے مطابق بیٹ کی تیاری
خواجہ مختلف ریاستوں جیسے مہاراشٹر، کرناٹک، اتر پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، اور جھارکھنڈ کے کھلاڑیوں کے لیے ان کی ضرورت کے مطابق بیٹ بناتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں۔ اگر کوئی کھلاڑی گراؤنڈ میں ہر سمت شاٹس کھیلتا ہے تو اسے 970 گرام کا بیٹ چاہیے۔ اگر کوئی صرف 'وی' شکل میں شاٹ کھیلتا ہے تو 1030 سے 1050 گرام کا بیٹ بہتر ہوتا ہے، جس کا وزن نیچے کی طرف ہوتا ہے۔
ضرورت مند کھلاڑیوں کی مدد
خواجہ کہتے ہیں کہ میں نے غربت دیکھی ہے، اس لیے اگر کسی کھلاڑی کے پاس پیسے نہیں ہوں تو میں اسے کم قیمت پر بیٹ دیتا ہوں۔ حال ہی میں میں نے گجرات کے ایک کھلاڑی کو 'پلیئر ایڈیشن' بیٹ دیا۔"
کاروبار کی موجودہ حالت اور مستقبل کے منصوبے
خواجہ بتاتے ہیں کہ بیٹ بنانے کے لیے خام مال کشمیر سے آتا ہے۔ اس وقت میں ہر ماہ 100 سے 200 بیٹ فروخت کرتا ہوں۔ ہمارے پاس 2000 روپے سے شروع ہونے والے بیٹ دستیاب ہیں۔'KTایڈیشن' اور 'پلیئر ایڈیشن' کے بیٹ ساڑھے تین ہزار تک کے ہیں، اور 'گولڈ ایڈیشن' کے بیٹ تین ہزار روپے تک کے ہیں۔ وہ آگے کہتے ہیں کہ "میرا خواب ہے کہ مستقبل میں'KT Bats' کی دکانیں پورے بھارت میں ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ میری کمپنی کا برانڈ ہر ریاست میں پہچانا جائے