مہا کمبھ میلہ : رام شنکر کی جان بچانے والے فرحان عالم نے کہا ۔۔۔ یہ میرا فرض تھا

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-02-2025
مہا کمبھ میلہ : رام شنکر کی جان بچانے والے فرحان عالم نے کہا ۔۔۔ یہ میرا فرض تھا
مہا کمبھ میلہ : رام شنکر کی جان بچانے والے فرحان عالم نے کہا ۔۔۔ یہ میرا فرض تھا

 

پریاگ راج/نئی دہلی:: منصور الدین فریدی 

اگر میں نے کسی کی جان بچائی  تو یہ میرا فرض تھا۔۔ یہی انسانی خدمت ہوتی ہے ۔۔ جب آپ کسی کی مدد کرتے ہیں تو یہ کبھی نہیں دیکھتے کہ وہ کس مذہب یا طبقہ سے تعلق رکھتا ہے ، یہی نہیں مذہب نے بھی سکھایا ہے کہ دنیا میں سب سے قیمتی شئے انسانی جان ہوتی ہے۔اس لیے اگرمیں نے رام شنکر کی جان بچائی یا انہیں بروقت طبی امداد مہیا کی تو یہ میری ڈیوٹی کا حصہ تھا۔

یہ الفاظ ہیں پریاگ راج کے نوجوان وکیل اورسوشل ورکر فرحان عالم  کے ،جنہوں نے پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میں ایک عقیدت مند رام شنکر کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد بر وقت سی پی آر دے کر نئی زندگی دیدی ۔پچھلے ہفتے کا واقعہ  اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں فرحان عالم کو ایک شخص کے سینے پر دل کے پاس دونوں ہاتھوں سے دباو ڈالتے دیکھا گیا ۔جو لگاتار اس عمل کے ذریعہ اس کے دل کی دھڑکن کو بحال کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اس شخص کی بیوی اور بچے کو روتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ بعد ازاں یہ حقیقت سامنے آئی کہ مہا کمبھ میں آئے عقیدت مند رام شنکر کی جان بچانے والا فرحان عالم ہیں ۔

آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے فرحان عالم کہتے ہیں کہ  میرے لیے کوئی غیر معمولی بات نہیں،یہ میری ذمہ داری کا حصہ تھا جو میں نے بخوبی نبھایا،سب سے بڑی بات یہ ہے کہ میں نے سی پی آر کے ذریعہ ایک کوشش کی ،اللہ نے اس کو کامیاب بنا دیا۔اس واقعہ کے بارے میں فرحان عالم کہتے ہیں کہ میں یوں تو ریلوے اسٹیشن پر تعینات تھا مگر میرے ایک ساتھی محمد ارشد نے واکی ٹاکی پر ایک عقیدت مند کی حالت بیان کی تو میں چند منٹ میں ہی جائے وقوع پر پہنچ گیا ۔ اس وقت وہ بالکل بے سدھ تھا اور سانس رک چکی تھی ۔لیکن میں نے سی پی آر کا عمل شروع ہوا، کچھ لمحوں کی محنت کے بعد جو نئی زندگی ملی اس کی خوشی ہر کسی کے چہرے پر عیاں تھی ۔

آر پی ایف کے جوانوں کو سی پی آر کی دی تھی تربیت

آپ کو بتا دیں کہ فرحان عالم پریاگ راج میں این جی اوHAQ کی جانب سے بچوں کے حقوق کے لیے  یونیسف کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔جبکہ قابل غور بات یہ ہے کہ فرحان عالم ایک سماجی تنظیم Prim Rose Shiksha Sansthanکے کرتا دھرتا ہیں، جسے ان کے والد مرحوم ڈاکٹر نور عالم  نے ۱۹۹۴میں قائم کیا تھا ۔ تنظیم  نے ریلوے پروٹکشن فورس کے جوانوں کو  مہا کمبھ  کے دوران عقیدت مندوں  کو  طبی امداد دینے کی تربیت دی تھی ،جس میں  Cardiopulmonary Resuscitationشامل تھا ۔ لیکن کسی جوان سے قبل یہ چیلنج خود فرحان عالم کے سامنے آگیا۔وہ کہتے ہیں کہ یہ ایک چیلنج تھا ،بس حوصلہ کے ساتھ کوشش کی ،باقی سب اللہ کی مرضی تھی ۔ فرحان عالم نے آواز دی وائس کو بتایا کہ مہا کمبھ میلے سے قبل ہی آر پی ایف کے انسپکٹر شیو کمار سنگھ کی قیادت میں جوانوں کے لیے ایک تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا ،میں نے جوانوں کو بتایا تھا کہ سی پی آر کس طرح دی جاتی ہے اور اس کا صحیح طریقہ کیا ہوتا ہے ۔ یہ سب میلے کی تیاریوں کا حصہ ہوتا ہے

آر پی ایف کے جوانوں کی طبی امداد کے لیے تربیت کا منظر


یہ بھائی چارے کا مہا کمبھ ہے

فرحان عالم کہتے ہیں کہ مہا کمبھ یو تو ہندووں کی عقیدت کا مرکز ہے لیکن اس کا احترام ہم سب کرتے ہیں اور پریاگ راج کے باشندے کمبھ میلے میں ہر قسم کی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار رہتے ہیں کیونکہ یہ عقیدت مند ہمارے مہمان ہوتے ہیں ،کمبھ میلے سے واپسی تک ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔ میں تو مانتا ہوں کہ یہ بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مہا کمبھ ہے ، کروڑوں عقیدت مندوں کی خدمت کے لیے رضاکاروں کو مسلمان بھی ہیں ،جو بڑے فخر سے دن رات کام میں جٹے ہوئے ہیں اور عقیدت مندوں کو قدم قدم پر مدد پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

فرحان عالم نے آواز دی وائس کو بتایا کہ مہا کمبھ  میلہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے،اس مقام پر ہندو یا مسلمان میں کوئی فرق نہیں ۔ہمیں کسی نے مذہب  کی بنیاد پر خدمت کرنے سے بھی نہیں روکا نہ اعتراض کیا ۔دراصل ہم اہل شہر اس کو اپنی سماجی اور انسانی ذمہ داری سمجھتے ہیں،ہمارا مقصد یہی ہوتا ہے کہ عقیدت مندوں کو جو بھی مشکلات درپیش ہوں ہم اس کو دور کریں ۔ہم اسی جذبے کے ساتھ کام کرتے ہیں ،رضاکاروں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا انہیں بس انسانی خدمت انجام دینی ہوتی ہے ۔

فرحان عالم نے رام شنکر کے روبصحت ہونے کے بعد پریاگ راج کے اسپتال میں ملاقات کی۔ ان کے چہرے پر نئی زندگی کی خوشی دیکھی ،جنہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا لیکن فرحان عالم کا کہنا تھا کہ اپنا فرض ادا کیا ،خوشی اس بات کی ہے کہ بر وقت جائے وقوع پر پہنچا اور کوشش بھی کامیاب ہو گئی ۔ دلچسپ  بات یہ ہے کہ پچھلے کمبھ میلہ میں بھی فرحان عالم نے  ایک عقیدت مند کی اسی صورتحال میں جان بچائی تھی ۔ جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر شئیر کیا ہے ۔

 یہ واقعہ مہا کمبھ میلے میں اس وقت سامنے آیا جب ملک کا سوشل میڈیا   آئی ٹی بابا اور ممتا کلکرنی کے بالی ووڈ سے سنیاسن بننے کے سفر کے بخار میں تپ رہا ہے ۔شاید یہی وجہ ہے کہ فرحان عالم کا واقعہ اس بخار میں کہیں نہ کہیں دب گیا ۔ فرحان عالم نے آواز دی وائس سے کہا کہ اس واقعہ نے وہاں موجود عقیدت مندوں اور انتظامیہ کو احساس دلایا کہ تربیت اور تیاری کتنی ضروری ہے۔ بہت سے لوگ فرحان عالم کا اس فعل پر شکریہ ادا کر رہے ہیں اور ان کے جذبے کی تعریف کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ میلے میں آنے والے عقیدت مندوں نے فرحان عالم  کی کوششوں کو سراہا اور انہیں  ایک حقیقی ہیرو سمجھا۔