محمد اشفاق - یو پی ایس سی میں چوتھی کوشش میں ماری بازی

Story by  شیخ محمد یونس | Posted by  [email protected] | Date 24-04-2024
محمد اشفاق - یو پی ایس سی میں چوتھی کوشش میں ماری بازی
محمد اشفاق - یو پی ایس سی میں چوتھی کوشش میں ماری بازی

 

شیخ محمد یونس  ۔ حیدرآباد

سیول سرویسس امتحان 2023 میں تانڈور کے چھوٹے سے قصبے کے ہونہار طالب علم محمد اشفاق نے شاندار کامیابی حاصل کی اور کل ہند سطح پر 770 واں رینک حاصل کیا۔ محمد اشفاق محنت شاقہ کی عملی تصویر ہیں۔ انہوں نے چوتھی کوشش میں سیول سرویسس امتحان میں کامیابی کے ذریعہ اس بات کو ثابت کر دیا کہ منزل مقصود کے حصول میں کتنے ہی پرخطر اور مشکل حالات کیوں نہ آئیں ہمیں اپنے مقصد حیات کے حصول تک جدوجہد کو جاری و ساری رکھنا چاہئے ۔

ماں کی قربانیاں رنگ لائیں

محمد اشفاق نے بتایا کہ ان کے روشن اور تابناک مستقبل کے لئے ان کی ماں کی قربانیوں کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اکلوتے فرزند ہونے کے باوجود ان کی ماں نے دل پر پتھر رکھ کر انہیں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی تعلیم کے لئے دہلی روانہ کیا ۔ماں نہیں چاہتی تھیں کہ ان کا اکلوتا لخت جگر ان سے دور رہے تاہم بچہ کی اعلی تعلیم و درخشاں مستقبل کے لئے ماں نے خود کو سنبھالا اور انہیں دہلی روانہ کیا ۔جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج وہ سیول سرویسس میں کامیابی حاصل کئے ہیں ۔محمد اشفاق نے کہا کہ آج ان کے والدین کا سر فخر سے بلند ہو چکا ہے۔ محمد اشفاق نے بتایا ان  کی کامیابی دراصل والدین کی محنت و مشقت کی مرہون منت ہے۔

 کامیابی کا سہرا والدین اور ہمشیرہ کے سر

محمد اشفاق نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے اپنی کامیابی کا سہرا  والدین اور بڑی بہن کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا کہ والد کی خواہش تھی کہ وہ سیول سرویسس سے وابستہ ہوں۔ زندگی کے ہر موڑ پر ان کے والد نے ان کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی بلکہ ان میں عزم و حوصلہ پیدا کیا ۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ سیول سرویسس  کے امتحان میں کامیاب نہیں ہوتے تب قدرے مایوس ہو جاتے تا ہم ان کے والد انہیں حوصلہ دیتے اور آگے بڑھنے کا عزم پیدا کرتے۔ محمد اشفاق نے بتایا کہ بعض اوقات وہ کوئی کارپوریٹ ادارے میں ملازمت کے بارے میں سوچتے تو ان کے والد  سیول سرویسس  میں کامیابی کی ان کی خواہش کے اظہار کے ذریعے مجھ میں تحریک اور جستجو پیدا کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ میرے تعلیمی سفر کی کامیابی میں والدین اور بڑی بہن کے کردار کو ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

awazurduمحمد اشفاق اپنے والدین کے ساتھ


محمد اشفاق بچپن ہی سے تعلیمی میدان میں کافی ذہین واقع ہوئے ہیں ۔انہوں نے جناپریہ  ہائی اسکول سے سال 2015 میں ایس ایس سی کامیاب کیا۔ سری چیتنیہ آئی اےایس اکیڈمی سے سال 2017 میں انٹرمیڈیٹ کی تکمیل کی۔ شری رام کالج آف کامرس نیو دہلی سے سال 2020 میں بی اے اکنامکس مکمل کیا ۔مضمون معاشیات میں  دہلی اسکول آف اکنامکس سے سال 2022 میں پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کی۔ انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کے وقت سے ہی وہ سیول سرویسس کی کوچنگ کا آغاز کر چکے تھے۔ گریجویشن کی تکمیل کے ساتھ ہی انہوں نے سال 2020 میں سول سرویسس امتحان تحریر کیا۔ محمد اشفاق نے سال 2021 اور 2022 میں بھی سیول سرویسس امتحان میں شرکت کی تاہم کامیاب نہ ہو سکے۔تین مرتبہ بھی ناکام ہونے کے باوجود وہ مایوس اور دل شکستہ نہیں ہوئے بلکہ عزم و حوصلے کے ساتھ اگے بڑھے۔ آخر کار چوتھی کوشش میں سال 2023 میں سیول سرویسس امتحان میں کامیابی حاصل کی۔

خاندانی پس منظر

محمد اشفاق تانڈور کے پدا مول منڈل کے گوٹلا پلی موضع کے متوطن ہیں۔ فی الحال وہ حفیظ پیٹ حیدرآباد میں سکونت پذیر ہیں۔ محمد اشفاق کے والد محمد جعفر کی بی ایچ ای ایل اشوک نگر میں خود کی ذاتی انجینئرنگ ورکس کی کمپنی ہے۔ والدہ رضوانہ بیگم گھریلو خاتون ہیں۔ محمد اشفاق کی بڑی بہن عظمیٰ سلطانہ بی ڈی ایس ہیں ۔بچوں کے درخشاں اور شاندار مستقبل کا محمد جعفر نے جو خواب دیکھا تھا وہ آج شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ محمد جعفر تانڈور سے سال 1992 میں حیدرآباد کا رخ کیا اور بحیثیت اسکوٹر میکانک  قلیل تنخواہ پر کام کا آغاز کیا۔ محمد جعفر نے اپنی محنت اور مشقت کے ذریعہ سال 2006 میں خود کی کمپنی کا قیام عمل میں لایا

دادا، دادی فرط مسرت سے سرشار

احمد اشفاق کے ضعیف دادا عبدالرزاق اور دادی سیدن بی پدامول  منڈل کے گوٹلا پلی میں مقیم ہیں۔ نبیر ہ کی سیول سرویسس  امتحان میں کامیابی پر وہ فرط مسرت سے سرشار ہیں اور گاؤں میں پوترے کی کامیابی پر مٹھائی کی تقسیم کے ذریعہ جشن منایا ہے۔

محمد اشفاق نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ وہ کبھی بھی مایوسی اور نا امیدی کا شکار نہ ہو بلکہ ناکامی کے باوجود عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں اور اپنی منزل کو حاصل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ناکامیوں سے دل شکستہ ہونے کے بجائے تحریک حاصل کی جائے اور خامیوں کو دور کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کبھی بھی رائیگاں  نہیں جاتی۔ کامیابی ضرور قدم چومتی ہے۔

محمد اشفاق نے بتایا کہ وہ بحیثیت سیول سرونٹ ملک کی ترقی، عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خاتمے پر توجہ مرکوز کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج انتظامیہ میں کرپشن ناسور بن گیا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ تنہا کرپشن کا خاتمہ نہیں کر سکتے تاہم وہ تمام دیانت دار عہدہ داروں کے تعاون و اشتراک سے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر ممکن سعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے وہ حتی المقدور کوشش کریں گے۔

awazurduپرعزم محمد اشفاق


دوبارہ سیول سرویسس  امتحان تحریر کرنے کا عزم

محمد اشفاق نے بتایا کہ اگرچہ کہ وہ سیول سرویسس میں کامیابی حاصل کئے ہیں ۔انہیں ان کے رینک کے لحاظ سے آئی پی ایس یا آئی آر ایس میں ملازمت حاصل ہو سکتی ہے تاہم ان کا مقصد آئی اے ایس ہے۔ جس کے لئے وہ دوبارہ امتحان تحریر کریں گے۔

 منزل سے آگے بڑھ کر منزل تلاش کر

 مل جائے تجھ کو دریا تو سمندر تلاش کر

awazurdu